حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مشہد المقدس/ مزارات بین الاقوامی فوٹو فیسٹیول کے سکریٹری امین ابراہیمی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیسٹیول کے لئے کل 8 ہزار 126 تصویریں اور آرٹ کے فن پارے سکریٹریٹ کو موصول ہوئے تھے جن میں ایک سو اکیاون ایرانی اور غیر ملکی فوٹو گرافروں کے دو سوچار بہترین فن پاروں کو فائنل راؤنڈ میں جگہ ملی جنھیں فیسٹیول کے دونوں سیکشن یعنی نیایش اور اسلامی معماری کے لئے منتخب کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ ان فن پاروں کو کتاب کی شکل میں چھاپا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ پہلے مزارات انٹرنیشنل فوٹو فیسٹیول میں ترکی، بنگلا دیش، بحرین، ہندوستان، عراق، اٹلی، سعودی عرب اور اسپین سمیت 30 ملکوں کے 40 فوٹوگرافروں کی تصویریں اس مقابلے میں شرکت کے لئے موصول ہوئيں۔
فیسٹیول کے سکریٹری نے مزید بتایا : ایران کے بیس صوبوں کے 111 فوٹو گرافروں نے بھی اس مقابلے میں حصّہ لیا۔ اس میلے کے اختتامی پروگرام میں جو آئندہ مئی کے مہینے میں ہوگا " نیایش " اور" اسلامی معماری " کے زیر عنوان منتخب ہونے والی تصاویر کے فوٹوگرافروں کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کئے جانے کے ساتھ ساتھ منتخب فن پاروں پر مشتمل کتاب یا میگزین کی بھی رونمائی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جن فوٹوگرافروں کی فنکاری کے نمونے منتخب ہوئے ہیں انہیں اس میلے میں شرکت کا سرٹیفیکیٹ دیا جائے گا اور ان تصاویر کی کتاب بھی جو پی ڈی ایف کی شکل میں تیار کی جائے گی اور پھر فیسٹیول میں حصہ لینے والے سبھی ماہرین فن کو ایمیل کے ذریعے ارسال کیا جائے گا ۔
ابراہیم بہرامی نے یہ بھی بتایا کہ بہترین تصاویر کے انتخاب کی ذمہ داری ترکی کے رہا بیلیر کے ساتھ محمد ستاری ، سید عباس میر ہاشمی، ابراہیم بہرامی اور احمد خطیری صاحبان نے چار اور پانچ مارچ 2021 کو ادا کی ہے۔
بہترین تصاویر کے انتخاب کا معیار:
اس میلے میں تصاویر کا انتخاب کرنے میں جو خصوصیات مد نظر رکھی گئی ہیں ان کے بارے میں فیصلہ کرنے والی کمیٹی کے رکن ، ابراہیم بہرامی نے بتایا کہ ان تصاویر کا انتخاب کئی مرحلوں میں ہوا ہے جن میں اس فیسٹیول میں دیئے گئے موضوعات کو مرکز قرار دیا گیا ہے اور کیفیت و فن کاری کے زاویئے کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے
اس فیسٹیول یا میلے میں بھیجی جانے والی تصویروں میں مزارات اسلامی میں عبادت و دعا کے جو زاویئے سامنے آئے ہیں، وہ اپنے آپ میں انوکھے ہیں ۔ انہوں نے مختلف ملکوں کی اس میلے میں شرکت کی اہمیت کو بیان کیا اور کہا بلا شک اس فیسٹیول کا آئندہ برسوں میں بھی اہتمام کیا جاسکتا ہے یہاں تک کہ " مذاہب اسلامی میں عبادت " جیسے موضوع کو بھی عکاسی کے محور کے طور پر رکھا جاسکتا ہے ۔ اس طرح اور بڑی تعداد میں فوٹوگرافی کے شائقین کو اس میلے میں شرکت کا موقع فراہم ہوسکتا ہے۔
یہ بھی بتاتے چلیں کہ اس مقابلے میں منتخب ہونے والوں کے ناموں کی فہرست photo.mazaar.net ایڈریس پر شایع کی جاچکی ہے۔